ہائپوتھائیرائڈزم کیس، ہومیوپیتھک دوا، علاج اور فیڈبیک – حسین قیصرانی HYPOTHYROIDISM
تین ماہ اُدھر کی بات ہے کہ یورپ میں میری ایک کلائنٹ کی معرفت اِس خاتون نے رابطہ کیا۔ کہنے لگیں کہ میری بہن نے آپ کی بہت تعریف کی ہے۔ وہ ماشاءاللہ اتنے بڑے منصب اور عہدے پر ہے کہ اُسے متاثر کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ پھر بھی آپ میرے مسائل حل کر سکیں تو پتہ چلے۔ بولتی چلی گئیں مگر جب درمیان میں ذرا رکتیں تو یہ ضرور کہتیں کہ میں اپنی بہن کی طرح زیادہ تفصیلات میں بالکل نہیں جاؤں گی۔ اپنی ذاتی باتیں کسی سے بیان کرنا مجھے بالکل بھی اچھا نہیں لگتا۔ اور ہاں! میری باتیں کسی سے کرنی بھی نہیں ہیں۔ پہلے دو آن لائن انٹرویو بہت رسمی تھے۔ اُن میں اِدھر اُدھر کی باتیں تو بہت ہوئیں لیکن اُن کے اصل مسائل کھل کر سامنے نہ آ سکے۔ تین چار سیشن میں کیس کی جو تفصیلات حاصل ہوئیں وہ کچھ یوں ہیں۔ میری عمر 34 سال ہے۔ دس سال سے ہائپوتھائرائیڈ (Hypothyroidism) کی مریضہ ہوں اور بلاناغہ ناشتہ سے پہلے تھائراکسن (Thyroxine) لے رہی ہوں۔ اب تو تھائیراکسن کی بڑی طاقت لینی پڑتی ہے۔ کسی وجہ سے یہ ایک دن بھی چھوٹ جائے تو اِس کے اثرات پانچ چھ دن چلتے ہیں۔ میں سلم سمارٹ تھی مگر اب میرا وزن بڑھ چکا [...]