خوش آمدید - صحت کی معلومات کا قابلِ اعتماد ذریعہ

ہومیوپیتھی کا مستقبل: معیاری تعلیم، انفرادیت اور معتبر تحقیق – پروفیسر ڈاکٹر جارج وتھالکس

ترجمہ: ڈاکٹر حسین قیصرانی، لاہور


پروفیسر جارج وتھولکاس کا خطاب، 101ویں کانفرنس آف دی فیکلٹی آف ہومیوپیتھی، برطانیہ۔ بروز اتوار 22 نومبر 2026، صبح 10 بجے (برطانوی وقت)۔ نشست کی میزبانی فیکلٹی آف ہومیوپیتھی کے سابق صدر ڈاکٹر گیری اسمتھ نے کی۔

محترم ساتھیو، اساتذہ، طلبہ اور دوستو، صدر لی کین، سابق صدر ڈاکٹر گیری اسمتھ، السلام علیکم اور صبح بخیر۔

آج میں ایک ایسے سوال پر بات کرنا چاہتا ہوں جو پچھلے بیس برس سے مسلسل میرے دل و دماغ پر چھایا ہوا ہے۔

سوال یہ ہے کہ ہومیوپیتھی کے وجود اور بقا کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں کس طرح کی ہومیوپیتھک تعلیم کی ضرورت ہے؟

تنقید اور اپنا احتساب

برسوں سے حکومتیں، طبی انجمنیں اور طبی ادارے ہومیوپیتھی کو شدید تنقید اور دباؤ کا نشانہ بناتے آ رہے ہیں۔ یہاں تک کہ اسے غیر سائنسی نظام یا جعلی سائنس تک کہہ دیا جاتا ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ اس تنقید کا بڑا حصہ لاعلمی یا تعصب کی پیداوار ہے۔ لیکن ہمیں اتنا دیانت دار بھی ہونا چاہیے کہ اپنے پیشے کے اندر موجود خرابیوں پر بھی نظر ڈالیں۔

معیار کی کمی اور الجھن

ہومیوپیتھی کی تدریس میں ہمارا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جن اصولوں پر اس کا نظریہ کھڑا ہے ان کے کوئی طے شدہ معیار موجود نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ ہر شخص اس نظام میں اپنا نقطۂ نظر شامل کرنا اپنا حق سمجھتا ہے۔

ہینیمن نے اپنی کتاب آرگنان میں صحت اور بیماری کے نظریے اور بیمار انسان کے علاج کے قوانین کے بارے میں واضح ہدایات دی ہیں۔ وہ چاہتے تھے کہ ہومیوپیتھ ان اصولوں پر احتیاط سے عمل کریں، خاص طور پر انفرادیت کے اصول پر۔ مگر آج بہت سے اسکول اور انجمنیں ان اصولوں کی پیروی نہیں کرتیں، بلکہ انہیں سرے سے نظر انداز کر دیتی ہیں۔

اسی وجہ سے انٹرنیٹ ہومیوپیتھی کے طرح طرح کے ورژنز سے بھرا پڑا ہے۔

مریض کو علاج کا مرکز بنانا

مثال کے طور پر درست تعلیم میں ذاتی نوعیت کی دوا کے تصور پر بہت زور دیا جانا چاہیے۔ طلبہ کو یہ بات اچھی طرح سمجھنی چاہیے کہ ہومیوپیتھی میں ہم بیماریوں کا علاج نہیں کرتے، ہم اس بیمار انسان کا علاج کرتے ہیں۔ اس اصول کو نظر انداز کرنا ایسا ہی ہے جیسے اس پورے نظام کی ٹانگیں کاٹ دی جائیں۔

اس وقت صرف چند اسکول ہی ذاتی نوعیت کی دوا کے اس تصور کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس کے باوجود یہ تمام مختلف طریقے اور نام نہاد جدید خیالات ہومیوپیتھی کے نام پر عوام کے سامنے آ رہے ہیں۔

یہ بات سنگین الجھن پیدا کرتی ہے۔ اگر بالکل مختلف طریقے سکھائے اور برتے جائیں گے تو ہم یکساں نتائج کی توقع کیسے کر سکتے ہیں؟ اور اگر نتائج یکساں نہ ہوں تو ہومیوپیتھی کا مناسب مطالعہ اور درست فروغ کیسے ممکن ہوگا؟

شفا کا درست مفہوم

ایک اور مسئلہ لفظ شفا کی سمجھ کا ہے، جسے ہم ڈھیلے ڈھالے انداز میں استعمال کرتے ہیں اور یوں اس کا مفہوم دھندلا ہو جاتا ہے۔ چند علامات کے ختم ہو جانے پر ہم شفا کا لفظ استعمال نہیں کر سکتے۔

کامیاب علاج کے ساتھ یہ احساس بھی ہونا چاہیے کہ پورا وجود درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ درست دوا کے بعد مریض کو مجموعی طور پر پہلے سے بہتر صحت محسوس ہونی چاہیے۔

ایک ہومیوپیتھ کے لیے شفا کا مطلب یہ ہے کہ پورا انسان ذہنی، جذباتی اور جسمانی، ہر سطح پر بہتر محسوس کرے۔ یہ بہتری پائیدار بھی ہونی چاہیے، تاکہ اس بات کی تصدیق ہو سکے کہ پورا وجود صحیح سمت میں جا رہا ہے۔

تحقیق، جدت اور اصولوں کا توازن

یہ بات بالکل واضح اور قابل قبول ہے کہ ہومیوپیتھی کو بھی ہر دوسرے سائنسی نظام کی طرح اپنی صداقت ثابت کرنے کے لیے آزمائشوں سے گزرنا چاہیے۔

لیکن دوسری طرف ہمیں ایسے غیر متعلق لوگوں کی مرضی پر بھی نہیں چھوڑ دینا چاہیے جو عجیب و غریب خیالات لے کر آتے ہیں اور اکثر انہیں مرکزی نصاب میں داخل کر دیتے ہیں۔ اس سے خاص طور پر نئے طلبہ شدید الجھن کا شکار ہوتے ہیں۔

البتہ اگر کوئی نیا خیال حقیقی بہتری لا سکتا ہو تو اس کی قدر کی جانی چاہیے اور اسے مرکزی تعلیم کا حصہ بنانا چاہیے۔

اس وقت ہومیوپیتھک تعلیم کے میدان میں ایک ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ہومیوپیتھی کے حامی ان تمام غیر متعلق خیالات سے نبرد آزما ہیں جو گزشتہ برسوں میں سامنے آئے، جبکہ کلاسیکل ہومیوپیتھی کو یہ کہہ کر پس منظر میں دھکیل دیا گیا ہے کہ اس میں مہارت حاصل کرنا مشکل ہے۔

اس طرح اصل کلاسیکل ہینیمینین ہومیوپیتھی کو اپنی حقیقی صلاحیتیں دکھانے کا موقع نہیں مل رہا، کیونکہ تعلیم کے میدان میں ہر طرف ایک مکمل انتشار چھایا ہوا ہے۔

سائنسی ترقی کا خیرمقدم ہونا چاہیے، لیکن ہمیں ہینیمن کے کام کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے، بالکل اسی طرح جیسے جیمز ٹائلر کینٹ نے کیا، جن کے الہامی خیالات ہومیوپیتھی کے درست اطلاق کی طرف ایک بہت بڑی چھلانگ تھے۔

لیکن ترقی کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نظام کے بنیادی اصولوں کو بھول جائیں۔ اگر ہم ان اصولوں سے بہت دور نکل گئے تو ہومیوپیتھی اپنی شناخت کھو دے گی اور ماضی کی ایک یادگار بن کر رہ جائے گی۔

اچھے اساتذہ کی ضرورت

ہومیوپیتھی کی تدریس کا ایک بہت بڑا مسئلہ ایسے اساتذہ کا ملنا ہے جو ہومیوپیتھی کی افادیت کا عملی مظاہرہ کر سکیں اور جو محتاط نسخے اور سرسری نسخے میں فرق کر سکیں۔

غلط دوا بھی اثر چھوڑتی ہے

ایک اور عام خیال یہ ہے کہ غلط ہومیوپیتھک دوا کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی کیونکہ دوائیں بہت زیادہ ہلکی کی گئی ہوتی ہیں۔ لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ پروونگ کے دوران پوٹینسی دی گئی دوا علامات کا ایک پورا سلسلہ پیدا کرتی ہے۔

لہٰذا غلط نسخہ ایک طرح کی پروونگ ہی ہے، خاص طور پر جب اسے بار بار دہرایا جائے، اور یہ ایسی علامات پیدا کر سکتا ہے جو کیس کو الجھا دیں۔ غلط دوا کے بعد نئی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں جو پہلے سے موجود علامات میں گھل مل کر مجموعی تصویر کو بگاڑ دیتی ہیں۔

یہ بات اس ہومیوپیتھ کے راستے میں رکاوٹ بنتی ہے جو درست دوا کی تلاش میں ہے، جسے ہم سمیلیمم کہتے ہیں۔

کلاسیکل ہومیوپیتھی کا باضمیر استاد اپنے طلبہ کو مریض کی ذاتی دوا تلاش کرنے کی طرف رہنمائی دے گا۔ یہ اصول کلاسیکل ہینیمینین ہومیوپیتھی میں سب سے بنیادی ہے اور اسے کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

لیکن اگر بہت سی دواؤں کے مرکبات بیک وقت دیے جا رہے ہوں تو سمیلیمم کیسے تلاش کیا جا سکتا ہے؟

مرض سے آگے دیکھنا

درست دوا تلاش کرنے کے لیے ہمیں پیتھالوجی سے آگے دیکھنا ہوگا۔ کیا یہ تمام باتیں مختلف ہومیوپیتھک اسکولوں میں پڑھائی جاتی ہیں؟ یہ واقعی ایک دلچسپ سوال ہے۔

ہمارا مقصد ہمیشہ مریض کی مکمل علامتی تصویر کو سمجھنا ہونا چاہیے۔ بیمار انسان کے علاج میں ہماری توجہ کا مرکز اس کی تمام جسمانی، جذباتی اور ذہنی علامات ہونی چاہئیں۔

خاص طور پر دائمی امراض میں ہمارا مقصد پورے انسان کا علاج ہونا چاہیے، محض کسی درد کو کم کرنا یا کسی تکلیف کو دور کر دینا نہیں۔

سرسری طور پر منتخب کی گئی دوا کسی عضو یا حصے کے درد یا تکلیف کو کم کر سکتی ہے، پھر بھی مریض کی مجموعی صحت بہتر نہ ہوئی ہو۔ اس غلطی کے باوجود غیر ماہر استاد کو یہی تاثر ملتا ہے کہ مریض بہتر ہو رہا ہے۔

یہ تمام باریکیاں نہایت اہم ہیں اور مختلف اسکولوں میں پڑھائی جانی چاہئیں۔ اس لیے مکمل اور درست تعلیم کا مسئلہ سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

درست اسکول کا انتخاب

کسی طالب علم کو یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ کون سا اسکول بہترین کورس پیش کر رہا ہے، خود تحقیق کرنا ہوگی۔

دیگر باتوں کے ساتھ طالب علم کو یہ جاننا چاہیے کہ آیا اسکول کے اساتذہ میں یہ علم ہے کہ وہ طلبہ کے سامنے زندہ مریضوں کا علاج کر سکیں۔ کیا استاد تجویز کردہ دوا کے انتخاب کی وجہ بیان کر سکتا ہے؟ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ طلبہ کو کیسز کا فالو اپ دیکھنے کا موقع ملے۔

اسکول کی ساکھ کا ایک اور اہم پہلو اس کے تحقیقی مقالوں کی تعداد ہوگا جو اس نے اشاعت کے لیے جمع کرائے ہیں۔

یہ جاننا ضروری ہے کہ اسکول نے کتنے تحقیقی مقالے ہم مرتبہ جائزہ لینے والے طبی جرائد میں جمع کرائے ہیں جو ہومیوپیتھک علاج کے اثر کو ظاہر کرتے ہیں۔ طالب علم کے لیے اسکول کے انتخاب میں یہ سب سے اہم معلومات ہے۔

ایک مثال: دائمی درد شقیقہ

مثال کے طور پر فرض کیجیے کسی مریض کو دائمی درد شقیقہ ہے۔ ایک دوا سر درد کی شدت کم کر سکتی ہے، مگر نئی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ مریض کو نیند کے مسائل، ہاضمے کی شکایات یا غیر معمولی تھکن ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں ہمیں صرف سر درد کو دیکھ کر کامیابی کا اعلان نہیں کرنا چاہیے۔

ہمیں پورے کیس کے ارتقا کا مطالعہ کرنا ہوگا تاکہ فیصلہ کر سکیں کہ مریض کا سفر درست سمت میں ہے یا نہیں۔

ایک نامناسب دوا کسی جلدی دانے کو بہتر کر سکتی ہے یا بالکل غائب بھی کر سکتی ہے، جبکہ دوسری زیادہ سنگین علامات ابھر آتی ہیں اور کیس بے ترتیب اور مشکل بن جاتا ہے۔

مرکب دواؤں کا مسئلہ

یہی الجھن اس وقت بھی بہت تشویش ناک ہوتی ہے جب کئی دوائیں ایک ساتھ دی جائیں۔ دواؤں کا مرکب جزوی آرام دے سکتا ہے، لیکن یہ جاننا مشکل ہو جاتا ہے کہ بہتری کس دوا کی وجہ سے آئی۔ پھر شفا مکمل کرنے کے لیے ہمیں اگلی دوا کی طرف جانا پڑتا ہے۔

آخری بات یہ ہے کہ ایسے اسکول کے فارغ التحصیل معالجین کے ہاتھوں کتنے دائمی مریضوں کو فائدہ پہنچا۔ دراصل اسکول کو وقار اس کے فارغ التحصیل طلبہ ہی دلاتے ہیں۔

کلاسیکل ہومیوپیتھی کے رہنما اصول

کلاسیکل ہومیوپیتھی میں تعلیم کے مختلف مراحل پر معالج کی رہنمائی کے لیے واضح قواعد موجود ہیں۔ یہ قواعد معالج کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں کہ مریض بہتر صحت کی طرف جا رہا ہے یا گہری بیماری کی طرف لوٹ رہا ہے۔

درست تربیت کے بغیر ہومیوپیتھ صرف انفرادی علامات پر توجہ دیتا رہ سکتا ہے۔ پھر مریضوں کو سالہا سال ایک کے بعد ایک دوا ملتی رہتی ہے، مگر ان کی عمومی صحت میں کوئی واضح بہتری نہیں آتی۔

آخرکار ایسے غلط علاج کے بعد کیس پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ ایسے الجھے ہوئے کیس سے نمٹنے کے لیے ایک تجربہ کار معالج کو بھی بڑی مہارت اور صبر کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن ہونے والے طالب علم کا یہ حق ہے کہ وہ جانے کہ اچھی تدریس کے لیے کیا درکار ہے۔

یہ تجربات معالج کی ساکھ کو بھی متاثر کرتے ہیں اور اسکول کی ساکھ کو بھی۔ جب مریضوں کو مستقل نتائج نہیں ملتے تو ان کا اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔ ڈاکٹر سمجھنے لگتے ہیں کہ یہ طریقہ ناقابل بھروسا ہے۔ سنجیدہ طلبہ بھی مایوس ہو جاتے ہیں۔ یوں ہومیوپیتھی اپنے بہترین حامیوں سے محروم ہوتی جا رہی ہے۔

تعلیم کا معیار

یہ ہمیں اس بنیادی مسئلے تک لے آتا ہے جس کا آج ہمیں سامنا ہے، یعنی تعلیم کا معیار۔

میری رائے میں ہومیوپیتھی کا قریبی مستقبل اساتذہ کے معیار، اسکولوں کے معیار اور تربیتی پروگراموں کے معیار پر منحصر ہے۔

آج بہت سے ادارے اور انجمنیں ہومیوپیتھک تعلیم دے رہی ہیں، لیکن کیا ان کے معیار ہمیشہ درست سطح پر ہوتے ہیں؟

ایسے کورس بھی ہیں جو چند ہفتوں میں ہومیوپیتھی سکھانے کا وعدہ کرتے ہیں۔ کچھ مخصوص بیماریوں کے لیے دواؤں کے طے شدہ مرکبات کو فروغ دیتے ہیں، یا ہر بیماری کے لیے کئی دوائیں تجویز کرتے ہیں۔

نتیجتاً نئے معالجین دائمی امراض سنبھالنے کی تیاری کے بغیر اپنی تعلیم مکمل کر لیتے ہیں۔ جب نتائج ان کی توقعات کے مطابق نہیں آتے تو وہ مایوس ہو جاتے ہیں۔ ان کے مریض بھی ہومیوپیتھ پر نہیں بلکہ پورے نظام پر شک کرنے لگتے ہیں۔

تحقیق کا درست طریقہ

تحقیق اس گفتگو کا ایک اور اہم موضوع ہے۔

اگر ہومیوپیتھی انفرادی علاج پر مبنی ہے تو تحقیق کو بھی اس کی صداقت کو اس انداز میں پرکھنا چاہیے جو انفرادیت کے اصول کا احترام کرے۔

ہمیں صاف الفاظ میں کہنا چاہیے کہ وہ ڈبل بلائنڈ ٹرائلز جن میں ایک ہی بیماری کے تمام مریضوں کو ایک ہی دوا دی جاتی ہے، ہومیوپیتھی کی نمائندگی نہیں کرتے۔ ان میں انفرادیت کا تصور ہی موجود نہیں ہوتا۔ ایسے یا اس جیسے ٹرائلز ہومیوپیتھی کی نمائندگی نہیں کرتے۔

اچھی تحقیق کو ہماری مدد کرنی چاہیے کہ ہم جان سکیں کیا کام کرتا ہے اور کیا نہیں۔ کیس اسٹڈیز تحقیق کی بہترین صورت ہیں جو سمیلیمم کے شفا بخش اثر کو ظاہر کرتی ہیں۔ اگر ہومیوپیتھی وسیع تر طبی اور سائنسی برادری سے سنجیدگی کے ساتھ بات کرنا چاہتی ہے تو اسے اپنی توجہ تحقیق پر مرکوز کرنی چاہیے۔

ہومیوپیتھی کی قبولیت کے لیے تین اقدامات

تو ہومیوپیتھی کی قبولیت بڑھانے کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے؟ میری رائے میں تین کام۔

پہلا، ہومیوپیتھک تعلیم کو واضح اور یکساں معیارات کے ساتھ بہتر بنایا جائے۔

دوسرا، اسکولوں کو طلبہ کو پڑھانے کی اجازت دینے سے پہلے تجربہ کار اور ذمہ دار ماہرین کے پینل جانچیں۔

تیسرا اور سب سے اہم، طلبہ کو کیسز کے فالو اپ دیکھنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ انہیں کامیاب کیسز، ناکام کیسز اور ایسے کیسز کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے جن میں نسخے پر نظرثانی کرنا پڑی۔

طلبہ صرف کامیابیوں سے نہیں سیکھتے، بلکہ غلطیوں کے دیانت دارانہ جائزے سے بھی سیکھتے ہیں۔

نئے طلبہ کے نام پیغام

حاصل کلام یہ ہے کہ نئے طلبہ کو اپنے اسکول اور اساتذہ کا انتخاب بہت احتیاط سے کرنا چاہیے۔

آخر میں، ہومیوپیتھی کو ترقی کے لیے کھلا رہنا چاہیے اور ساتھ ہی اپنے بنیادی اصولوں کا احترام بھی کرنا چاہیے۔ نئے خیالات کو احتیاط سے پرکھا جانا چاہیے۔ دراصل زور ہم مرتبہ جائزہ لینے والے طبی جرائد میں اشاعت پر ہونا چاہیے۔

کلاسیکل ہومیوپیتھی کی تدریس کا مشن اٹھانے کی خواہش رکھنے والے کی یہی اسناد ہونی چاہئیں۔

مستقبل کا راستہ

ہومیوپیتھی کا مستقبل ہر اس عمل کا دفاع کرنے سے محفوظ نہیں ہوگا جس میں کوئی پوٹینسی دی گئی دوا استعمال ہوتی ہو۔

یہ واضح اصولوں، اعلیٰ تعلیمی معیارات، ذمہ دارانہ مشق اور قابل اعتماد تحقیق سے محفوظ ہوگا۔

اگر ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہومیوپیتھی پر اعتماد کریں تو پہلے ہمیں اس کی تعلیمات کو اعتماد کے قابل بنانا ہوگا۔

آئیے ایسے معالج تیار کریں جو اپنے پیشے کے امکانات کو بھی سمجھتے ہوں اور اس کی ذمہ داریوں کو بھی۔

آئیے ایسے اسکول بنائیں جو نظری علم کی قدر کریں، میٹیریا میڈیکا کی اہمیت کو سمجھیں اور طلبہ کو اس کی طبی افادیت دکھا سکیں۔

صرف ایسی شرائط کے ساتھ ہی ہم امید کر سکتے ہیں کہ ہومیوپیتھی طب کے نئے دور میں فاتحانہ انداز میں قدم رکھے گی۔

شکریہ

Dr. Hussain Kaisrani Signature

Dr. Hussain Kaisrani

DHMS, BHMS, BSc, MSST (UK)

Psychotherapist & Homeopathic Consultant

Lahore, Pakistan

متعلقہ تحریریں Related Articles
Default image

Asa Foetida – Homeopathic Remedy – Materia Medica Viva George Vithoulkas

Asa Foetida O. Umbelliferae   The essential features Whenever you think of Asafoetida, your mind naturally goes to fat, plethoric,...

خود اعتمادی کی شدید کمی، شرمیلاپن، آنکھیں نہ ملانا، معدہ خرابی، ڈپریشن – دوا اور علاج – حسین قیصرانی

خود اعتمادی کی شدید کمی، شرمیلاپن، آنکھیں نہ ملانا، معدہ خرابی، ڈپریشن – دوا اور علاج – حسین قیصرانی

آئیے آج آپ کو مسٹر ۔۔۔۔۔ سے ملواتے ہیں۔ یہ پنجاب کے مشہور کاروباری، سماجی اور سیاسی خاندان کے چشم...

عید قربان، گوشت الرجی اور معدہ کی خرابی – کامیاب علاج – فیڈبیک

عید قربان، گوشت الرجی اور معدہ کی خرابی – کامیاب علاج – فیڈبیک

الحمدللہ دن بہت اچھا گزرا۔ میں بہت زیادہ ایکٹو تو نہیں تھی لیکن اگر پچھلی عیدوں سے موازنہ کروں تو...