Loquacity and Hurriedness
باتونی پن۔ یہ علامت ہومیوپیتھک ادویات ہائیوسائمس (Hyoscyamus) اور سٹرامونیم (Stramonium) کے علاوہ اَور بھی بہت ساری دواؤں میں پائی جاتی ہے۔ سٹرامونیم میں بسا اوقات باتونی پن شدید غصے میں تبدیل ہو جاتا ہے اور اس وقت مریض کا چہرہ سرخ ہو جاتا ہے؛ اندھیرے سے اُس کی جان جاتی ہے۔ جب کہ ایتھوزا (Aethusa) میں باتونی پن اور خوشی ایک ساتھ دیکھی جا سکتی ہے اور اس کے باتونی پن پر پاگل پن کا شبہ ہونے لگتا ہے۔ ہائیوسائمس کے باتونی پن میں فحش پن کی جھلک بھی ملتی ہے۔ اس کا مریض اعضائے جسمانی کے پردے کا دھیان نہیں کرتا اور فحش گفتگو پر اسے ندامت کا احساس تک بھی نہیں ہوتا۔ ایکونائٹ (Aconitum Napellus) میں جب خوف کا شدید دورہ پڑتا ہے تو بعض اوقات مریض کا باتونی پن بھی ساتھ ہی بڑھ جاتا ہے۔ کینابس انڈیکا (Cannabis Indica) میں مریض کو سردرد شروع ہونے سے پہلے باتونی پن آ جاتا ہے۔
شدید جنسی خواہش کے ساتھ باتونی پن کے حوالے سے وریٹرم البم (Veratrum Album) واحد دوا ہے جو ہومیوپیتھک ریپرٹری میں درج ہے۔ ویریٹرم ایلبم کے ساتھ ٹھنڈا پسینہ اور ٹھنڈی پیشانی کلیدی علامات ہیں۔ ممکن ہے آپ کو کاربو ویجی (Carbo Vegetiblis) میں بھی باتونی پن مل جائے، اگر ایسا ہو تو مریض میں پیاس نہیں ملے گی اور تیز پنکھے کی خواہش موجود ہو گی۔
خاتون اگر ڈیلیوری کے دوران باتونی پن کا شکار ہو تو کافیا (Coffea) کے بارے سوچیں۔ کافیا کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ باتونی پن کی وجہ سے دردِ زہ رک جاتا ہے۔ ذہنی مصروفیت کے ساتھ باتونی پن فیرم فاس (Ferrum Phosphoricum) کی علامت بھی ہے لیکن اس میں اور بیلاڈونا (Belladonna) میں یہ فرق ہے کہ فیرم فاس (Ferrum Phosphoricum) کا باتونی پن ہیجان کی سرحدوں کو نہیں چھوتا۔ اگر مریض کو نیند نہ آ رہی ہو اور باتیں کیے جا رہا ہو تو لیکیسس (Lachesis) کے بارے غور کریں۔ لیکیسس، ایسے معمر لوگوں کے لئے بھی مفید ثابت ہو گی کہ جو حافظہ کھو بیٹھنے کے بعد باتونی پن کا شکار ہوں۔ امبرا بھی معمر لوگوں کے باتونی پن کی دوا ہے لیکن امبرا (Ambra Grisea) میں مریض کی باتوں میں قدرے احمقانہ اور بچگانہ پن نظر آئے گا۔ یہ لوگ عموماً ایک سوال پوچھتے ہیں مگر جواب کا انتظار کیے بغیر دوسرا سوال داغ دیتے ہیں۔ امبرا میں آپ محسوس کریں گے کہ ان کی دماغی صلاحیتوں کو زنگ لگ چکا ہے۔ فاسفورس (Phosphorus) جوشِ جذبات میں آ کے خوب بولنا شروع کر دیتا ہے۔ زنانہ اعضائے تناسل کی بیماریوں میں اگر باتونی پن پایا جائے تو سمی سی فیوگا (Cimicifuga) کو بھی ذہن میں رکھیں۔ دیکھا گیا ہے کہ لیکیسس جتنا ہو گا اتنا زیادہ بولے گا اور بولنے کی سپیڈ بھی بڑھ جائے گی، کلینک میں آپ ابھی مریض کے پہلے سوال کا جواب نہیں دے پائے ہوں گے اور وہ دوسرا داغ دے گا۔ سننے پر توجہ کم اور بولنے پر زور زیادہ ہو گا۔ اور یوں یہ شخص ایک ہی نشست میں کئی موضوعات پر بولتا چلا جائے گا۔ اور جب اس کے کلام میں تیزی آتی ہے تو اس کی مثال اس گاڑی جیسی ہوتی ہے جو کلرکہار کی اترائی میں بریکیں فیل ہو جانے پر تیزی سے لڑھک رہی ہو۔
یہ علامت ڈلکامارا (Dulcamara)، ہائیوسائمس اور سٹرامونیم میں بھی پائی جاتی ہے۔ لیکیسس میں بسا اوقات مذہبی جنون، حسد اور باتونی پن ایک ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔
۔(افاداتِ ڈاکٹر بنارس خان اعوان، واہ کینٹ؛ فون نمبر 03015533966)۔
5
1
vote
Article Rating