سر درد، وجوہات، علاج اور ہومیوپیتھک اَدویات (حسین قیصرانی)۔ Migraine

سر درد اِتنا عام ہے کہ اس کی دوا تجویز کرنا بذاتِ خود دردِ سر ہے۔ یہ سر ہی تو ہے جس میں مغز ہے جو تمام احساسات کا مرکز و محور ہے؛ اِس لئے سر درد کو معمولی یا عام مسئلہ سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔
نظامِ ہاضمہ میں خرابی ہو تو سر درد۔ جگر میں خرابی ہو تو سر درد۔ نزلہ زکام یا بخار ہو تو سر درد۔ دل، گُردے، نسوانی اعضاء یعنی خواتین کے مسائل، غرضیکہ خرابی کہیں بھی ہو تو دردِ سر گویا سر چڑھ کر بولتا ہے۔
سر درد کا سبب معلوم نہ ہو تو اسے ٹھیک کرنے کیلئے ہومیوپیتھک دوا تجویز کرنا ناممکن ہے۔ مجھے فیس بک اور موبائل پر پیغامات موصول ہوتے ہیں یا مختلف محفلوں، ملاقاتوں یا سیمینارز میں میگرین یا سر درد کا علاج اور دوائی اکثر و بیشتر پوچھی جاتی ہے۔ ہومیوپیتھک طریقۂ علاج میں بغیر تفصیلی کیس لئے یا تکلیف اور مسئلے کا سبب سمجھے بغیر دوائی کا اِنتخاب ممکن نہیں ہوتا۔ ایسی صورت میں کوئی دوائی بتا بھی دی جائے تو وہ علاج نہیں بلکہ تُکہ لگانا ہوتا ہے جو کبھی لگ بھی جاتا ہے مگر اکثر ناکام رہتا ہے۔اگر سر درد بہت پرانا ہو کر مزمن Chronic صورت اختیار کر جائے تو صحیح علاج کرنے میں کیس کی مکمل تفصیل اور مریض کے موروثی مزاج کا سمجھنا بڑا مددگار ثابت ہوتا ہے۔ذیل میں کچھ ہومیوپیتھک اَدویات کا ذکر کیا جاتا ہے کہ جو عام طور پر اِس مقصد کے لئے اِستعمال میں لائی جاتی ہیں۔ اِن کی خوراک اور پوٹینسی کا تعین مریض کی صورتِ حال کو سمجھنے کے بعد ایک ماہر ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہی کر سکتا ہے۔ یہاں اِس اَمر کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ ہومیوپیتھک طریقۂ علاج میں ایک وقت میں صرف ایک دوا کا اُصول بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

آئیے سر درد کے اسباب اور اَدویات کو دیکھتے ہیں۔

خرابی ہاضمہ کی وجہ سے سر درد کے لئے: نکس وامیکا۔ پلساٹلا۔

بسیارخوری (ضرورت سے زیادہ کھانے) سے سر درد کے لئے: انٹی مونیم کروڈم

خون کا دباؤ سر کی طرف ہونے سے سر درد کے لئے: بیلا ڈونا۔ گلونائنم

سردی لگ جانے سے سردرد کے لئے: اکونائٹ۔ فیرم فاس

گرمی یا لُو جانے سے سردرد کے لئے: گلونائنم۔ نیٹرم کارب۔جلسیمیم

نزلہ کا اخراج رُک جانے سے سردرد کے لئے: کالی بائکرومیکم۔ لیکیسس

شدید پریشانی اور غم و اَلم کی کیفیت سے سردرد کے لئے: اِگنیشیا

عصبی درد، دردِ شقیقہ Migraine کے لئے:

سپائی جیلیا (بائیں طرف کے سردرد کے لئے)

سنگونیریا (بائیں طرف کے سردرد کے لئے)

آرسینک البم، کالی بائیکرومیکم، آئیرس ورسیکولر جیسی کئی اور دوائیں بھی صفراوی درد اور دردِ شقیقہ جیسے دردوں کے لئے بےحد مفید ثابت ہوتی ہیں بشرطیکہ اِن کی علامات مریض میں موجود ہوں۔

ایک غلط فہمی کا اَزالہ کرنا بے جا نہ ہوگا اور وہ یہ عام طور پر ہومیوپیتھک دوائی بیلاڈونا سردرد کے لئے سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ ہومیوپیتھک ڈاکٹرز بھی سر درد کے علاج میں بیلاڈونا کے بڑے قائل ہیں۔ میرے تجربے میں یہ اُتنی زیادہ کامیاب نہیں رہی کہ جتنا اُس کا شُہرہ ہے۔ ویسے بھی، چند مخصوص مواقع کے علاوہ بیلاڈونا زیادہ لمبا اور گہرا اثر رکھنے والی دوا نہیں ہے کہ پُرانے اور ضدی قسم کے سر درد یا Migraine ایسے دردوں کے لئے مفید ثابت ہو۔ بیلاڈونا اُس سر درد کے لئے بے حد مفید اور منٹوں میں اثر کرنے والی دوا ہے کہ جب بخار کے ساتھ سر درد ہو یا خون کا دباؤ سر کی طرف بڑھ جانے سے سر درد ہو۔ بیلاڈونا ایسے سر درد کو بھی فوراً کنٹرول کر سکتی ہے کہ جس میں Congestion نمایاں پایا جائے۔ ایک اور مخصوص قسم کا سر درد اکثر خواتین مریضوں میں بالعموم پایا جاتا ہے جس میں اُن کی سر پر جلد بہت حساس ہو جاتی ہے۔ سر پر کسی کنگھی کرنا تو ممکن ہی نہیں رہتا حد یہ کہ سر پر کسی بچے کا ہاتھ لگ جائے یا دوپٹہ چادر سرک جائے تو بھی چیخ نکل جاتی ہے۔ یہ سر درد اور بھی کچھ دواؤں میں ملتا ہے لیکن ایسے درد کو بالعموم بیلاڈونا سے فوری آرام میسر آ جاتا ہے۔

خواتین کے سر درد کی ایک اہم وجہ اُن کے ہارمون سسٹم کا صحیح نہ ہونا ہے۔ Uterus Reflex کی وجہ سے ہونے والے سردرد یا Migraine کی ایک اہم علامت یہ بھی ہے کہ سردرد کا آغاز سر کے پچھلے حصے سے ہوتا ہے اور آگے آ کر ٹھہر جاتا ہے۔ اِس سے بالعموم نظر بھی متاثر ہوتی ہے اور بعض اوقات متلی بلکہ قے بھی آ جاتی ہے۔ اِس طرح کے سر درد کا علاج ہارمون سسٹم کے صحیح ہونے سے ہی ممکن ہے۔ ہومیوپیتھک دوا سیمی سی فیوگا کو میں نے اِس درد کے لئے بہت مفید پایا ہے تاہم اِس مسئلے کا باقاعدہ اور مستقل حل ہارمون سسٹم کو توازن میں لانے سے ہی سے ممکن ہے جس کی اپنی دوائیاں ہیں اور یہ ایک مستقل موضوع ہے جسے ہم کسی آئندہ نشست پر اُٹھا رکھتے ہیں۔

حسین قیصرانی ۔ سائیکوتھراپسٹ & ہومیوپیتھک کنسلٹنٹ ۔ لاہور پاکستان فون نمبر 03002000210

0 0 votes
Article Rating
kaisrani

kaisrani

Leave a Reply

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments

Sign up for our Newsletter